خیبر ایجنسی: کار بم دھماکے میں سولہ افراد جاں بحق، پچاس زخمی

Khyber Agency Blast

Khyber Agency Blast

خیبر ایجنسی(جیوڈیسک)خیبر ایجنسی کے جمرود بازار میں کار بم دھماکے میں سولہ افراد جاں بحق اور پچاس سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

جمرود بازار میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر اور بس اسٹینڈ کے قریب دس بج کر پچاس منٹ پر زور دار دھماکے نے تباہی مچا دی۔ دھماکہ خیز مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا جو سڑک کے کنارے کھڑی تھی ۔ دھماکے میں سولہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق پولیٹیکل ایجنٹ مطاہر زیب نے کر دی ہے جبکہ پچاس سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد آس پاس کی دکانوں اور سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ کئی دکانیں اور بارہ گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

زخمیوں کو لنڈیکوتل اور جمرود کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ چوالیس شدید زخمی پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں لائے گئے ۔ پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا ہے کہ بم دھماکہ خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن اور شدت پسندوں کی گرفتاری کا رد عمل ہو سکتا ہے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جمرود بازار میں اس سے پہلے بھی بم دھماکے ہو چکے ہیں جن میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔