کار شو روم کا افتتاح، امریکی اداکارہ کو ڈھائی لاکھ ڈالرز کی سلامی

Jennifer lopez Dubai

Jennifer lopez Dubai

تیل کی دولت سے مالا مال عرب شیوخ کی شہ خرچیوں اور عیاشیوں کی خبریں تو آئے دن منظر عام پر آتی رہتی ہیں لیکن اب ان کے دیس میں کاروبار کرنے والے افراد اور ادارے بھی ان سے کسی طرح پیچھے نہیں رہے اور دبئی میں کھلنے والے ایک مہنگے کار شو روم کے مالکان نے اس کے افتتاح کے لیے امریکی اداکارہ اور گلوکارہ جینیفر لوپز پر دس لاکھ درہم (ڈھائی لاکھ ڈالرز) لُٹا دیے ہیں۔

عربین بزنس آن لائن کی رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ اکیس نومبر کو دبئی پہنچی تھیں اور انھوں نے جرمن کار ساز فرم آڈی کے نئے شو روم النبودہ آٹو موبائلز کے باضابطہ افتتاح کی تقریب میں شرکت کی ہے۔

امریکی گلوکارہ جمعرات کو دبئی میڈیا سٹی میں ایک کنسرٹ میں شرکت کرنے والی تھیں اور اس شو کو آڈی مڈل ایسٹ نے اسپانسر کیا ہے۔ جینیفر کو مبینہ طور پر شو روم کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے پر ڈھائی لاکھ امریکی ڈالرز ادا کیے گئے ہیں۔

اس اداکارہ اور گلوکارہ نے آڈی شوروم کی تقریب میں موجود اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ پہلا موقع ہے، میں یہاں آئی ہوں اور میں بہت خوش ہوں۔ میں نے یہاں بہت اچھا دن گزارا ہے۔ یہاں کا موسم بہت اچھا ہے۔ آپ لوگ بہت خوش قسمت ہیں”۔

آڈی مڈل ایسٹ نے عربین بزنس آن لائن کو بھیجے گئے ایک بیان میں جینفر لوپز کے دبئی میں شو کو اسپانسر کرنے کی تصدیق کی ہے لیکن یہ بتانے سے گریز کیا ہے کہ انھیں شو روم کے افتتاح کے لیے کتنی رقم ادا کی گئی ہے۔

آڈی کا شو روم دبئی میں شاہراہ شیخ زاید پر کھولا گیا ہے۔ اس کی کل مالیت گیارہ کروڑ اسی لاکھ درہم بتائی گئی ہے اور یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا شو روم ہے۔ یہاں فی الوقت آڈی کی ستاون گاڑیاں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ اس کو عوام کے لیے باقاعدہ طور پر تین دسمبر کو کھول دیا جائے گا۔

Jennifer lopez Dubai

Jennifer lopez Dubai