دسمبر 2012 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 11.2 فیصد اضافہ ہونے سے مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 2.2 ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ نومبر2012 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 14.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق عام طور پر سردیوں کے موسم میں تعمیراتی صنعت کی سرگرمیوں میں کمی ہوجاتی ہے لیکن رواں سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں کام کی تیز رفتاری کے باعث سیمنٹ کی مقامی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 3.9 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس کی فروخت16 ملین ٹن کی سطح تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی مارکیٹوں میں فروخت کی شرح میں 7.6فیصد اضافہ ہوا۔