دشت : بلوچستان کے علاقے دشت میں نامعلوم افراد نے نیٹو کو تیل فراہم کرنے والے انیس آئل ٹینکرز پر فائرنگ کرکےآگ لگادی ۔جس سے تمام ٹینکر تباہ ہو گئے۔ افغانستان میں متعین نیٹو فورسز کے لئے کراچی سے تیل لیکر جانے والے بائیس آئل ٹینکرز کو ضلع مستونگ کے علاقے دشت گونڈین میں نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کرکے آگ لگا دی ، جب ٹینکرز حفاظتی طور پرکانوائے کی صورت میں ایک ساتھ کوئٹہ کی جانب روانہ ہونے کے لئے سڑک کنارے کھڑے تھے۔ ڈرائیوروں کے مطابق فائرنگ شروع ہوئی توانہوں نے بھاگ کر جان بچانے میں ہی عافیت سمجھی جبکہ دھویں کے بادل کئی کلو میٹر دور سے دیکھے جاسکتے تھے فائرنگ کی زد میں آنے والے تین آئل ٹینکر ز آتشزدگی سے محفوظ رہے تاہم ان میں سے ایک ٹینکر جائے وقوعہ سے ذرا فاصلے پر الٹ گیا۔ آگ بجھانے کے لئے کوئٹہ سے فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا تاہم فائر بریگیڈ عملے کو چار گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی کامیابی نہ مل سکی۔ بلوچستان میں نیٹو کے آئل ٹینکرز کو جلانے کے واقعات تواتر سے رونما ہورہے ہیں تاہم ضلع مستونگ میں آج پیش آنے والا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے جس میں انیس آئل ٹینکر تباہ اور دس لاکھ لیٹر تیل ضائع ہو گیا۔