روس (جیوڈیسک) دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید برفباری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے گرنے کے بعد موسم انتہائی سرد ہو گیا، برطانیہ میں شدید سردی سے سات افراد ہلاک ہو گئے۔
روس میں سردی کی شدید لہر کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور ملک کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ شدید برف باری کے باعث سڑکیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں۔ شدید برف باری کے باعث سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا جا سکا جب کہ کئی مقامات پر برف کی تہہ پانچ میٹر تک دبیز ہوگئی ہے۔
روس میں شدید سردی اب تک ایک سو بیس افراد سے زائد کی جان لے چکی ہے۔امریکا میں ہونے والی برفباری نے کرسمس کو وائٹ کرسمس بنا دیا جس کا بچے بڑوں سب ہی نے دل کھول کر لطف اٹھایا۔ امریکا کے جنوبی حصے میں برفباری کے طوفان سے دو افراد ہلاک ہوئے۔
جنوب مغربی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں کئی دنوں سے جاری بارشوں اور سیلاب سے ریل ،بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ بلغاریہ، یوکرائن اور دیگر یورپی ملکوں میں برفباری کا سلسلہ جاری جو مزید کئی روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔