گیانا (جیوڈیسک) گیانا میں سجا دوسرے ون ڈے کا میدان، پاکستانی بولروں نے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو کر دیا حیران، 282 رنز کا تعاقب کرتے کیربیئن بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔ ایون لیوئس 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چیڈوک والٹن کا سفر 10سکور پر تمام ہوا۔
شائی ہوپ بھی کالی آندھی کی امید نہ بن سکےاور 15 پر چلتے بنے۔ کیرون پاؤل 11 رنز پر میدان بدر ہوئے۔ جوناتھن کارٹر کی اننگز بھی 11 اسکور تک محدود رہی۔ پہلے میچ کے ہیرو جیسن محمد اس بار نہ چل سکے اور صرف ایک رن ہی بنا پائے۔
ایشلے نرس نے 44 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی جبکہ کپتان جیسن ہولڈر اڑسٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں میزبان ٹیم 45 ویں اوور میں 208 رنز ہی بنا سکی۔
حسن علی نے کیرئیر بیسٹ باؤلنگ کی اور 38 رنز دے کر پانچ وکٹیں اڑائیں۔ اس سے پہلے پاکستان کا ٹاپ آرڈر بھی ناکام رہا۔ سولہ رنز پر اوپنر احمد شہزاد پانچ رنز بنا کر گیبرئل کا شکار ہو گئے۔ 21 پر کامران اکمل کی ہمت بھی جواب دے گئی۔
شعیب ملک کی تجربہ کاری بھی بے کار گئی اور صرف 9 رنز بنا کر پویلین پلٹ گئے۔ محمد حفیظ 32 کے اسکور پر ایشلے نرس کا نشانہ بنے۔
کپتان سرفراز احمد پر کیچ دے بیٹھے۔ دوسرے اینڈ پر نوجوان بابر اعظم ڈٹے رہے اور شاندار سنچری مکمل کی۔ بابر اعظم کے ناٹ آؤٹ 125 اور عماد وسیم کے ناقابل شکست 43 رنز نے 5 وکٹوں پر ٹوٹل کو 282 رنز تک پہنچایا۔