پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ان کے بولرز نے چوتھے دن دباو ڈال کر زمبابوے کی بیٹنگ کو ناکام کردیا اور بلاوایو ٹیسٹ میں کامیابی دلوادی۔ کوچ وقار یونس نے جو اس دورے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے کہا کہ بولرز نے دوسری اننگز میں زمبابوے کے بیٹسمینوں پر خوب دباو ڈالا جس کی وجہ سے وہ جلدی آوٹ ہو گئے۔ وقار یونس نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کرنے والے اعزاز چیمہ کی خصوصی تعریف کی البتہ دوسرے فاسٹ بولر سہیل خان پر تنقید کرتے ہوئے وقار نے کہا کہ سہیل خان کو اپنی فٹنس بہتر بنانی ہو گی۔ زمبابوے کے انگلش کوچ ایلن بوچر نے کہا کہ ان کی ٹیم خراب فیلڈنگ کی وجہ سے میچ ہاری۔ زمبابوے نے پاکستان کے سنچری میکر محمد حفیظ، یونس خان اور مصباح الحق کے کیچز چھوڑے جس کی وجہ سے پاکستان پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے جمعرات کو بلاوایو میں ہی کھیلا جائیگا۔