ملتان (جیوڈیسک) سابق ویر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دو ماہ میں نگران سیٹ اپ آجائے گا لیکن طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے مفاد کو مد نظر رکھا جائے۔ ملتان ائیر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر طالبان مذاکرات میں مخلص ہیں تو ہرج نہیں لیکن اس کے لیے بھی ملکی مفاد کو مد نظر رکھنا ہو گا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا لانگ مارچ بلاجواز ہے۔
جبکہ شہباز شریف اصلاحات کی باتیں کرنے کی بجائے پہلے صوبے کے مسائل حل کریں اور پھر جمہوریت بچائیں۔یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ہی نئے انتخابات کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی تاہم جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے بھی پیش رفت جاری ہے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے ایف ائی اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے مجھ سے فارغ ہو گی تو اصغر خان کیس پر توجہ دے گی تاہم ایف آئی اے کام ڈگریاں چیک کرنا نہیں لیکن اس کے باوجود یہ ادارہ قادر گیلانی کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال میں مصروف ہے۔
ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اٹھاریویں ترمیم کے بعد محکمہ صحت کی وزارت صوبے کے پاس ہے اسی لیے کھانسی کے سیرپ سے اموات پر متعلقہ وزارت کو کاروائی کرنا چاہئے۔