وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا امریکی حکومت نے 2014 کے بعد بھی افغانستان میں فوجیوں کو تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس بات کا اعلان اس ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔
میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ اس امکان کو مسترد نہیں کرتی کہ 2014 میں امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں کچھ فوجیوں کو رکھا جائے تاہم ان کی تعداد کے بارے میں ابھی نہیں بتایا جا سکتا۔ فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے امریکی صدر باراک اوباما اور افغان ہم منصب حامد کرزئی کی ملاقات کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے نائب مشیر بین روڈس نے افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل میں تین ہزار یا نو ہزار کے درمیان فوجیوں کو رکھا جائے گا تاہم فوجیوں کی تعداد سے متعلق حتمی فیصلہ اس ماہ کے آخر تک کردیا جائے گا۔