امریکہ کا الزام حقانی نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان کے رابطے ہیں۔مائیک مولن کے اس ایک بیان نے حکومتِ پاکستان اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحرک ہونے پر مجبورکردیا۔شاید مائیک مولن کو بھی اس بات کا اندازہ نہیں ہوگا کہ اُس کے اس بیان کا اتنا شدید ردِعمل ہوگا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل پرویزکیانی کا دورہِ برطانیہ اور وزیر اعظم کی اقوام ِمتحدہ کے اجلاس میں شرکت بھی ملتوی ہو جائیگی ۔امریکہ کا پاکستان کے اُپر الزام لگانا کوئی نئی بات نہیںہے،لیکن اس بار پاکستان نے ردِعمل ضرورت سے کچھ زیادہ ہی دیکھادیا۔، خود ہی بات کا بتنگڑ بنا ڈالا ۔جس سے دوسرے لوگوں کو بھی منہ کھولنے کا موقع مل گیا، جیسے کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے پاکستان کے اُپر الزام کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہاکہ ، امریکہ نے جو الزام پاکستان پر لگایا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ہم (یعنی )بھارت تو پہلے دن سے ہی یہ کہہ رہا ہے۔ مائیک مولن کے بیان پر امریکہ کو جواب دینے کے اور بھی بڑے طریقے تھے ،لیکن اسطرح سے ہنگامہ کر نا اور سب کچھ چھو ڑ چھاڑ کر صرف ایک بیان کو اتنا طول دینا یہ پاکستان کے دشمنوں کو اپنی کمزوری دیکھانے کے مترادف ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے پاس سُنہرہ ا موقع تھاکہ وہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کرتے اور اُس اجلاس میں دلیری کے ساتھ امریکہ کو پاکستان کے اُپر لگائے الزام کا منہ توڑ جواب دیتے اور پوری دُنیا کو پاکستان کے موَقف سے آگاہ کرتے۔ وزیراعظم صاحب بین الاقوامی سطح پر تو بات کرنے کی ہمت نہ دِکھا سکے لیکن پاکستان کی عوام کو بیوقوف بنانے کے لیئے وہی پُرانی ریت نبھائی ، آل پارٹیز کانفرنس بلاائی۔ تمام سیاسی جماعتوں کی فراغ دلی بھی دیکھئیے کہ وزیراعظم کی دعوت پر سب نے لبیک کہاجیسے سب اسکے منتظر ہی بیٹھے تھے۔٢٩ستمبر کو ہونے والی کانفرنس جو 9 گھنٹوں تک جاری رہی اس میںپاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھر پور شرکت کی اور سیاسی دُشمنیاں رکھنے والے تمام پارٹیز کے لیڈرز ایک دوسرے سے بغل گیر ہوتے دیکھائی دئیے اور یہی اس کانفرنس کا ایک مثبت پہلودیکھنے کو ملا لیکن یہ کہناکہ امریکی دھمکیوںنے پاکستانی سیاسی قیادت کو متحد کر دیا ہے تو یہ ایک احمقانہ بات ہوگی۔ کانفرنس سے پہلے جو قیاس آرئیاں کی جارہیں تھیںاور جسطرح سے ہمارے حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کی پُھر تیاں نظر آرہیں تھیںاس سے لگ تو یہ رہا تھا کہ شاید اس کانفرنس میں پاکستان امریکہ کے ساتھ اِعلانِ جنگ کرنے والاہے۔ لیکن ایسا اِعلان ہونا تو رہی دور کی بات ،کانفرنس میں پیش کی گئی قرارداد میں ،امریکہ،کے نام تک کو شامل نہیں کیا گیا۔ امریکہ کے سب سے زیادہ مخالف سمجھے جانے والے پاکستان کے سیاستدان ، عمرآن خان، نوازشریف، منورحسن،اور فضل الرحمان جیسے لیڈر جو اپنے سیاسی جلسوں میں بڑی بڑی بڑہکیںلگاتے ہوئے امریکہ کی ایسی کی تیسی کرکے رکھ دیتے ہیں،حیران کُن بات یہ تھی کہ اُن کے منہ سے بھی امریکہ کی مخالفت میں ایک لفظ تک نہ نکل سکا۔لیکن کانفرنس میں ایک دوسرے کے اُپر کیچڑ اُچھالنے کی پُرانی چلی آرہی رِیت کو زندہ رکھا گیا۔ جہاں میاں نوازشریف اور منور حسن کے درمیان خوب تُو تُو ،میںمیںہوئی ،وہیں محمود اچکزئی نے پاکستان کے انتہائی احساس ادارے ، آئی ۔ایس۔ آئی۔کے اُپر ہلہ بول دیا۔ا ل پا رٹیز کانفرنس کا آل نچوریہ نکلتا ہے کہ ، پاکستان اپنے اُپر لگے الزام کی شدید مذمت کرتا ہے، اور پاکستان تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ تو یہ تھی آل پارٹیز کانفرنس، یا پھر یوں کہہ لیںکہ کسی پیرو مُرشد کا سیاسی میلہ۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیااِس کانفرنس کے ذریعے یہ ممکن نہیں تھا کہ بین الاقوامی سطح پر امریکہ کے خلاف اپنا احتجاج درج کروایا جاتا اور امریکہ سے ڈیمانڈ کی جاتی کہ ، مائیک مولن پاکستان کے اُپر لگائے گئے بے بنیاد الزام کی معافی مانگے اور آیندہ کے لئیے بھی امریکہ پاکستان کے اُپر اس قسم کے بے بنیا د الزام لگانے سے بعض رہے۔ لیکن یہ سب کچھ کہنے کے لیئے پہلے اُس کشکول کو توڑنا ہوگا جس میں امریکہ سے بھیک لی جاتی ہے ، کیونکہ جب تک کشکول ٹوٹے گا نہیںتب تک سر اُٹھے گا نہیں۔ بڑے ہی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مائیک مولن کے ایک بیان پر آل پارٹیز کانفرنس بُلا لینا ۔اور پاکستان کی غریب عوام جو ساڑھے تین سال سے زیادہ عرصے سے چیخ چیخ کر ا ور چِلا چِلا کر صدائیں لگا رہی ہے، بجلی کے لیئے ، گیس کے لیئے ، پیٹرول کے لیئے، آٹے کے لیئے ، چینی کے لیئے، مہنگائی کم کرنے کے لیئے، بے روزگاری کے خا تمے کے لیئے، سیلاب اور ڈینگئی وائرس سے بچنے کی تدبیر کے لیئے، دہشت گردی کی روک تھام کے لیئے اور عدالتوں میں انصاف کے لیئے،کیا ان میں سے ایک آواز بھی آج تک وزیراعظم کے کانوں تک نہیں پہنچی ۔ہم سے تو پھر مائیک مولن ہی اچھا کم از کم آپ نے اُسکی بات کو تو سُنا اور پھر پاکستانی قوم کو تو آج تک اس قابل بھی نہیں سمجھا گیاکہ کبھی اُنکے مسائل کو لے کربھی آ ل پارٹیزکانفرنس بُلائی گئی ہو۔ وزیراعظم صاحب پوری قوم جانتی ہے کہ اس وقت پاکستان کے مسائل بہت زیادہ ہیں اور آپ کے پاس بھی کوئی جادو کی چھڑی نہیں جسے آپ گُھماتے جائیں اور کام ہوتے جائیں لیکن پاکستان کی عوام باشعور اور صابر ہے وہ جانتی ہے کہ تمام مسائل کا حل ایک ساتھ ممکن نہیں،لیکن کسی ایک مسئلے کا حل تو نِکالا جا سکتا ہے جیسے کہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ ہے بجلی کا بُحران اگر صرف اور صرف اس ایک مسئلے کا بھی حل نکال لیا جاے تو پاکستان کے آدھے سے زیادہ مسائل ختم ہوسکتے ہیں۔حد سے زیادہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ،پاکستان کی صنعتیںدھیرے دھیرے دم توڑتی جارہی ہیں،مزدور کے لیئے ایک وقت کی روٹی کے لیئے بھی روزی کمانا مشکل ہو گیا ۔گھر گھر فاقہ کشیاں یا پھر خودکشیاں ہو رہی ہیں،لوگوں میں اب اتنی ہمت نہیں رہی کہ ،مہنگائی اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ اب لوڈشیڈنگ کے عذاب کو بھی جھیلں۔پاکستانی قوم وزیراعظم سے یہ التجاء کرتی ہے کہ تھوڑی دیر کے لیئے چاہے ہمیں بھی مائیک مولن ہی سمجھ لیجئیے ، اور ایک بارپھر سے، آل پارٹیز کانفرنس بُلالیجیئے جس میں بات صرف اور صرف پاکستان کی غریب عوام کے مسائل کی ہو، خاص طورپر بجلی کے موجودہ بحرا ن کے حل کے لیئے ،اگر وزیراعظم جناب سید یوسف رضا گیلانی صاحب اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز مل بیٹھ کر ،آپس کی ذاتی رنجیشیں بُھلا کر اور پنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر، بجلی کے بُحران کا کوئی تو حل نکالیں تو ضرور کچھ نہ کچھ ہو سکتا ہے جس سے پورے پاکستا ن کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مِل سکے، یہ ہونا تھوڑا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ خُداکے لیئے سب مِلکرپاکستانی قوم کودیجیئے یہ ایک تحفہ اور لیجیئے کڑوروں لو گوں کی نیک تمنائیںاور دُعائیں کیونکہ دُعا میں بڑی طاقت ہوتی ہے، دُعاوں سے ہی تقدیریں بدل جاتی ہیں،بس ڈرئیے پھر اُس دن سے کہ کہیں اتنی دیر نہ ہو جائے کہ ستائی ہوئی اس قوم کی دُعائیں،بددُعاوں میںنہ بدل جائیں۔ تحریر:کفایت حسین (یو۔اے۔ای)