لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت رکھنے کے الزام پر مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف دائر رٹ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نوشا ب اے خان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے دوہری شہریت کیس کے فیصلے کے مطابق کسی بھی دوسرے ملک کی شہریت رکھنے والا شخص قومی اسمبلی اور سینٹ کا رکن نہیں بن سکتا ۔
جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین نے امریکی شہریت حاصل کر رکھی ہے لہٰذا عدالت عظمی کے فیصلے کی روشنی میں وہ بطور سینیٹر کام نہیں کر سکتے ۔ اس لئے کیس کے فیصلے تک مشیر پٹرولیم کی سینیٹ کی رکنیت معطل کی جائے عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق درخواست گزار کو آئندہ سماعت پر بھی دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔