دہشت گردی کے عفریت سے پورے معاشرے کو خطرہ ہے : وزیراعظم

Raja Pervaiz Ashraf

Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت سے پورے معاشرے کو خطرہ ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس کا متحرک کردار ضروری ہے۔

اے ایس پیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی پر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کی عدم فراہمی کی وجہ سے ملزم عدالتوں سے رہا ہو جاتے ہیں۔ مجرموں کو سزا دلوانے کے لیے تفتیش کے عمل کو جدید خطور پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں فرانزک سمیت جدید طریقہ کار استعمال کرنے ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے تمام وسائل کو استعمال کرے گی۔ وزیر اعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسروں میں میڈل تقسیم کیے۔ اے ایس پی محمد افضل کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی۔