صدر آصف زردری نے کہا ہے کہ انتہا پسندوں کو ان کا ایجنڈا گولی کے زور پر مسلط نہیں کرنے دیا جائے گا اور دہشتگردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔ صدر آصف زرداری نے راولپنڈی میں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ یوم دفاع قوم کو اپنے محاسبے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ تاکہ اپنی توانائیوں کو قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وقف کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو عسکریت پسندی دہشتگردی اور فرقہ واریت کے مسائل کا سامنا ہے، قوم کو چھ ستمبر انیس پینسٹھ والے جذبے کی ضرورت آج زیادہ ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ درست نصب العین،بے لوث جذبے اور مسلح افواج کے عزم و حوصلے کی بدولت قوم کے وجود کو لاحق خطرات کا کامیابی سے مقابلہ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے اور اس نکتہ نظر کا حامی ہے کہ افغانستان میں امن و مفاہمت وہاں کی قیادت کی ذمہ داری ہے۔