مانچسٹر: سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے مانچسٹر میں حملے کے بعد چیٹ ہوم پولیس اسٹیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ان پر حملے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کون ظالم اور کون مظلوم ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ جس مقصد کے لیے لندن آئے ہیں وہ مقصد حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں خاموش نہیں کرا سکتی۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ وہ شیڈول کے مطابق جنگ جاری رکھیں گے اور اس جنگ کا اگلا مرحلہ محرم الحرام کا عاشورہ گزرنے کے بعد شروع ہو گا۔ اس موقع پرلارڈ نذیر نے کہا کہ حملہ آوروں کا نشانہ وہ اور ذوالفقار مرزا تھے۔ لارڈ نذیر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد پانچ سے سات تھی اور حملہ آوروں کے ہاتھوں میں لوہے کی راڈز تھیں۔