کراچی (اسٹاف رپورٹر) بچوں کے حقوق میں سرگرداں غیر سرکاری تنظیم اسپارک کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلہ خطاطی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی فضل اللہ کوریجو نے کہاکہ ذہنی تخلیق کے ذریعے بچوں میں شعور کو اُجاگر کیا جاسکتا ہے بچوں کو تعلیم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تربیت اور ٹیلنٹ کو فروغ دیکر ہم اپنے مستقبل کو تابناک اور معاشرے سے منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
انہوں نے اسپارک کے زیر اہتمام سرکاری اسکولوں کے بچوں کے درمیان مقابلہ خطاطی کو سراہتے ہوئے اسے اسپارک کا ایک قابل قدر اور احسن اقدام قرار دیا اس موقع پر تقریب میں شہر کراچی کے سرکاری اسکولوں کے طلباء و طالبات نے مختلف معاشرتی موضوعات پر پینٹنگ تیار کئے جسے تقریب میں موجود شرکاء نے خوب سراہا۔
اس موقع پر اسکولوں کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے اور بچوں کو ٹھیلی تھیٹر بھی دکھا یا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپارک کی پروجیکٹ منیجر شمائلہ مزمل نے کہاکہ اسپارک ملک بھر میں بچوں کے حقوق کے حصول کے ساتھ بچوں کی ذہنی نشونما اور ہنر بنا نے کی جدو جہد میں مصروف ہے اور انشا اللہ ہم اپنے اس نیک مشن میں کامیاب ہوکر پاکستانی بچوں کو دنیا میں مثال بنائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپارک کے منیجر زاہد احمد تھیبو ،نیشنل منیجر کاشف بجیر ،راعنا اصف ،ارشد بیگ ایجوکیشن آفسر ارشد ،راحیلہ منصور نے اپنے خطاب میں کہاکہ سرکاری اسکولوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اُن کی بہتر نگہداشت اور سرپرستی کی ضرورت ہے تقریب میں سرکاری اسکولوں کے ہزاروں بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی تقریب کے اختتام پر مقابلہ خطاطی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔