سپریم کورٹ : (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ نے رحمان ملک کے خلاف توہین عدالت کیس میں تحریری جواب عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔توہین عدالت کیس میں رحمان ملک سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں ایک بینچ نے انہیں توہین عدالت کے الزامات سے بری کردیا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اسٹیل ملز کرپشن کیس سپریم کورٹ میں چل رہا تھا، آپ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنادی،جس سے کیس کو نقصان پہنچا، آپ کے احکامات عدالتی کارروائی میں مداخلت کا سبب بنے۔
چیف جسٹس نے رحمان ملک سے استفسار کیا کہ جب کیس عدالت میں تھا تو آپ کو تحقیقاتی ٹیم بنانے کا کیا اختیار تھا؟ یہ وزارت تجارت کا معاملہ تھا داخلہ کا نہیں۔ رحمان ملک نے جواب دیا کہ ان کی ہدایت پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائی گئی، جس کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش ہونا تھی۔ عدالت نے رحمان ملک کو تحریری جواب عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔ سماعت تئیس جولائی تک ملتوی کردی گئی۔