وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کوفون کرکے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے دوبارہ اتحاد اورایم کیوایم کی حکومت میں دوبارہ شمولیت پرمبارکباد پیش کی ہے۔ رحمن ملک نے ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان دوبارہ اتحاد کو انتہائی مثبت اور خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے جمہوریت مستحکم ہوگی، ایم کیوایم کل بھی ہماری اتحادی تھی ، آئندہ بھی رہے گی اورانشا اللہ دونوں جماعتیں جمہوری نظام کے استحکام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل کرکام کریں گی۔ الطاف حسین نے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کے خیالات کو سراہتے ہوئے انہیں بھی ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان دوبارہ مفاہمت پرمبارکباد پیش کی ۔ الطاف حسین نے دونوں جماعتوں کے درمیان دوبارہ اتحاد اورمفاہمت کے سلسلے میں رحمن ملک کی کوششوں کو سراہا اور موثر اور مثبت کردار ادا کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔