لاہور : (جیو ڈیسک) مشیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ وہ دہری شہریت پر ہونے والی بے جا تنقید اور اوورسیز پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفی دیدیا ہے۔
یہ بات انہوں نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف میری دشمنی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کردینا چاہتے ہیں جو ان کے ساتھ زیادتی ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے اور اس جدوجہد میں متحدہ کے قائد الطاف حسین کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کا معاملہ پارلیمنٹ طے کرے گی۔
مشیر داخلہ نے کراچی کے حالات پر کہا کہ کراچی میں فرقہ وارانہ لسانی اور کالعدم تنظیموں کے سبب حالات خراب ہوئے ہیں۔کراچی کی صورتحال کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والوں کا کردار بہت اچھا ہے ورنہ حالات اس سے بھی خراب ہوتے تاہم حالات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
رحمن ملک نے توہین عدالت کے قانون اور متوقع چیف الیکشن کمشنر پر منتخب ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔