رمضان ، رحمت ، مغفرت ، آتش دوزخ سے نجات کے خزانے بانٹنے کے بعد رخصت ہو رہا ہے: ڈاکٹرطارق سلیم

گجرات(جی پی آئی) نیکیوں کا موسم بہار رحمت ، مغفرت ، آتش دوزخ سے نجات کے خزانے بانٹنے کے بعد رخصت ہو رہا ہے۔رحمن کے بندوں نے جی بھر کر اس ماہ مقدس سے استفادہ کیا۔عرش والے مہربا ن رب کے آخری کلام کو تراویح میں سُنا اور دن کو پڑھ کر ایمان کی حرارت حاصل کی اور دِلوں کا زنگ اتارا۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرطارق سلیم نے مدنی مسجد عقب تھانہ اے ڈویثرن میں تکمیل قرآن کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا رمضان اور قرآن کے گہرے تعلق نے اس ماہ مبارک کی عظمت میں اضافہ کیا اور صاحب قرآن کے ذریعے فتح مکہ جیسی عظیم فتح جس میں خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر اسلام کا پھریرا عرب و عجم پر لہرانے لگا۔

ڈاکڑ طارق سلیم نے کہا علمائے کرام محراب و منبر سے دین کی خدمت کا جو فرض ادا کررہے اور انحاط کے دور میں اللہ اور اس کے رسول کے پیغام کو عامتہ الناس تک پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم سے فرمان کے مطابق اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر تفرقے سے بچنے اور مسلم اُ مہ کو ملتِ واحدہ کی لڑی میں پرونے میں ہے۔ڈاکڑ طارق سلیم نے کہا نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کتاب ِ ہدایت کو لے کر اسلام کو تما م باطل ادیان پر غالب کرنے کے لیے آئے اور آپ نے 23سال کی جدو جہد کے نتیجہ میں عملاً ثابت کر دکھایا اور مدینہ طیبہ کی اسلامی ریاست قائم کر کے دنیا کو امن سلامتی والا نظام عطا کیا۔