کراچی: (جیو ڈیسک) ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان رمضان میں چینی کی قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پر قابو پانے کے لیے مزید دو لاکھ ٹن چینی خریدے گی۔ٹی سی پی حکام کے مطابق اس وقت ادارے کے پاس مقامی طور پر خریدی جانے والی چینی کا تین لاکھ 19 ہزار جبکہ درآمدی چینی کا صرف سات سو ٹن کا ذخیرہ موجود ہے جو کہ پانچ ماہ کے لیے کافی ہے۔مگر رمضان میں چینی کی کھپت بڑھنے اور صوبوں کی طرف سے چینی کی اضافی فراہمی کی درخواستیں آنے کو مد نظر رکھتے ہوئے ،اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق مقامی شوگر ملز سے مزید دو لاکھ ٹن چینی خریدے کیلئے جون میں ٹینڈرز جاری کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مقامی سطح پر خریدی جانے والی تین لاکھ 78 ہزار ٹن چینی کی مد میں شوگر مل مالکان کو 17 ارب 48کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔