پاکستان(جیوڈیسک) وزارت پانی و بجلی کی جانب سے کیا گیا یہ دعوی کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،دھرا کا دھرا رہ گیا۔ مختلف شہروں میں روزے داروں نے اندھیرے میں سحری کی۔ وزارت پانی وبجلی نے تمام کمپنیز کو ہدایت کی تھی کہ سحراورافطارکے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی تاہم کے ای ایس سی نے لوڈشیڈنگ کو اضافی گیس کی فراہمی سے مشروط کر دیا ہے۔
وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک بھر میں ماہ رمضان میں سحر و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ روزہ داروں کو سہولت دینے کی غرض سے کیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن نے رمضان میں سحر و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کرنے کو گیس کی فراہمی سے مشروط کردیا ہے۔ کے ای ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انہیں سوئی سدرن گیس کمپنی نے اضافی گیس فراہم کی توسحروافطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی جانب سے کے ای ایس سی کو بیس ملین کیوبک فٹ گیس کی اضافی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔ پشاور کے علاقے قادر آباد میں دو دن سے گیس کی فراہمی معطل ہے جس سے شہریوں کو سحری کی تیاری میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔