پاکستان:(جیو ڈیسک) رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران اشیاء خور ونوش کی برآمدات میں چار عشاریہ آٹھ نو فیصد اضافہ ہوگیا۔ اور دیگر اشیاء خورو نوش کی برآمدات میں بھی بدستوراضافہ رہا۔ پہلے آٹھ ماہ تک اشیائے خوراک کی برآمدات دو ارب چوبیس کروڑ دس لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران دو ارب تیرہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال دوہزار گیارہ اور بارہ کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران دالوں اورسبزیوں کی برآمدات میں گذشتہ مالی سال کی اس مدت کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مذکورہ اشیا کی برآمدات تئیس لاکھ اٹھاسی ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔اعداد وشمار کے مطابق مذکورہ بالا عرصہ کے دوران مچھلی اور اس سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات سترہ کروڑ پچاس لاکھ گیارہ ہزار ڈالر، پھلوں کی برآمدات انیس کروڑ باون لاکھ چھیانویہزار ڈالر، گندم کی برآمدات نو کروڑ چالیس لاکھ ڈالر جبکہ گوشت کی برآمدات میں آٹھ کروڑ تئیس لاکھ سولہ ہزار ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔