رواں مالی سال تیل کی تلاش سے منسلک اداروں کیلئے سود مند

Oil

Oil

روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ مالی سال 2012 کے دوران، تیل کی تلاش اور پیداوار سے منسلک اداروں کے لئے سود مند ثابت ہوئی۔

سیکٹر کی آمدنی میں پچیس فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ ٹاپ لائن ریسرچ کے مطابق روپے کی قدر میں ساڑھے چار فیصد کمی بھی اس کی ایک اہم وجہ ہے۔ اس کے علاوہ عرب لائٹ کی قیمت میں اکیس فیصد اور گیس کی قیمت میں چوبیس فیصد تک کا اضافہ بھی سود مند ثابت ہوا۔ انتظامی اخراجات میں بارہ فیصد کا اضافہ بھی آمدنی کو متاثر نہ کرسکا۔

امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے نئے ذخائر کی تلاش کا کام سست روی کا شکار رہا جس کی وجہ سے اس پر ہونے والے اخراجات چالیس فیصد کم رہے۔ دوسری طرف دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی ڈیڑھ گنا بڑھ گئی۔ یوں ٹیکس ادا کرنے کے بعد سیکٹر کا مجموعی منافع اکتالیس فیصد تک بڑھ گیا تاہم مالی سال کی آخری سہ ماہی کے دوران ان کمپنیوں کی کارکردگی قابل ذکر نہ رہی کیونکہ اس دوران عرب لائٹ کی قیمت میں کمی ہوئی اور ڈالرز کے مقابلہ میں پاکستانی روپیہ قدرے مستحکم رہا۔