پاکستان: (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے محصولات کی وصولیوں کا ایک ہزار نو سو باون ارب روپے کا مقررہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹیکس ریفارنر کو آرڈینیشن گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لیے محصولات کی وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ایف بی آر نے جولائی تا اپریل کے دوران چودہ کھرب چوبیس ارب روپے کے محصولات وصول کر لیے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران گیارہ کھرب پچاس ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے زور دے کر کہا کہ محصولات کی وصولیوں کی رفتار تیز کر نے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ انیس کھرب باون ارب روپے کا مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رواں مالی سال کے لیے محصولات کی وصولیوں کا مقررہ ہدف موثر کوششوں کے ذریعے حاصل کر لیا جائے گا۔