کراچی: رواں مالی سال کے ابتدائی ماہ میں پھٹی کی برآمد میں ایک ہزار فیصد سے ذائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاٹن ایکسپورٹرز کے مطابق جولائی دو ہزار گیارہ کے دوران ایک کروڑ پندرہ لاکھ اکیس ہزار ڈالر مالیت کی پھٹی برآمد کی گئی۔ جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں ایک ہزار بائیس فیصد زائد ہے۔ جولائی دو ہزار دس میں صرف دس لاکھ چھبیس ہزار ڈالر مالیت کی پھٹی برآمد کی گئی تھی۔ اس طرح رواں مالی سال جولائی میں ایک کروڑ ڈالر مالیت کی اضافی پھٹی برآمد کی گئی۔ کاٹن بروکرز کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں اس وقت پاکستانی کپاس کی قیمت انتہائی پرکشش سطح پر موجود ہے، جس کی وجہ سے بین القوامی خریدار پاکستانی کپاس کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ جو گزشتہ ماہ پھٹی کی ریکارڈ برآمد کا باعث ہے۔ تاہم ملک بھر میں حالیہ شدید ترین بارشوں سے کپاس کی فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔