روس(جیوڈیسک)روس نے امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ پر اپنے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے یکم اکتوبر تک روس میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ بنیادی طور پر اس لئے کیا گیا کہ ایجنسی کے عہدیداران ترقیاتی اور انسانی بنیادوں پر تعاون پر مبنی اہداف سے اکثر تجاوز کرتے رہتے ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہمارا مقصد ان اقدامات کی جانب اشارہ ہے جو وہ سیاسی عمل پر اثر انداز ہونے بشمول مختلف سطحوں کے انتخابات پر گرانٹس کی تقسیم کے ذریعے اثر انداز ہوتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یو ایس ایڈ کی سرگرمیاں یکم اکتوبر سے بند ہونی چاہیں۔ یاد رہے کہ روس کی جانب سے یہ غیر متوقع اقدام صدر ولادی میر پیوٹن کے مئی میں تیسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کے بعد روس میں کام کرنے والی غیر ملکی امدادی اداروں کے خلاف کریک ڈان کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے اور یو ایس ایڈ پر حالیہ پابندی سے روس اور امریکہ کے مابین سفارتی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔