وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ورکنگ گروپ کے دورہ پاکستان سے عالمی دنیا کو پیغام ملا ہے کہ پاکستانی ریاست لاپتہ افراد کے اغوا میںملوث نہیں ہے۔
جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاس میں قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر کا موقف تھا کہ ریاست کے تمام سول و عسکری اداروں اور بین الوزرائی مشاورت کے بعد یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان میں آنے کی اجازت دی گئی جبکہ یو این کے ہیومن رائٹس چارٹر کے دستخط کنندہ ہونے کے باعث پاکستان کی جانب سے یو این ورکنگ گروپ کو آنے کی اجازت دینے سے پاکستان کے موقف میں کمزوری عیاں نہیں ہوئی۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ 90 سے زائد ممالک یو این ورکنگ گروپ کو اپنے ملک آنے کے دعوت نامے دے چکے ہیں جبکہ یہ گروپ ترکی، کیوبا، چلی سمیت 30 سے زائد ممالک کا دورہ کرچکا ہے جبکہ یہ گروپ 2008 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکا ہے۔ حنا ربانی کھر نے یو این گروپ کے دورے کے دوران پیدا ہونے والی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو این ورکنگ گروپ کو دورہ پاکستان کو بعض سیاسی حلقوں اور گروپوں کی جانب سے غلط رنگ دیا گیا۔ صورتحال اس سے یکسر مختلف ہے۔