کراچی : وزیرداخلہ سندھ منظور وسان نے کہا ہے ذوالفقار مرزا اتنے ہی غیرت مند ہیں تو اپنے دور میں ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا، رینجرز سے اختیارت واپس لینے کا ارادہ نہیں۔ سندھ سیکریٹریٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی بندوق کی سیاست پریقین نہیں رکھتی، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو پنجاب اور بلوچستان کی صورتحال پر بھی ازخودنوٹس لینا چاہئے۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران بیالیس ٹارگٹ کلرز گرفتار کئے گئے۔ پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کر کے ساٹھ سے زائد جرائم پیشہ افراد حراست میں لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا اپنی نااہلی چھپانے کے لئے بیانات دے رہے ہیں۔وزیرداخلہ سندھ نے کہا پولیس کے لئے پانچ ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر صوبے میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چھ ججز تعینات کئے گئے، کراچی کے پانچ اضلاع میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔