زائد قیمتیں وصول کرنیوالے سی این جی سٹیشنز کے لائسنس معطل کرنے کافیصلہ

OGRA

OGRA

اوگرا نے سی این جی کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد کروانے کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ زائد قیمت وصول کرنے والے سی این جی اسٹیشنوں کا لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔

اوگرا ترجمان کے مطابق سی این جی کی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن عملدرآمد کے لئے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریوں کو ارسال کردیا گیا ہے اور نئی قیمتوں پر عملدرآمد کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس کمپنیوں کو زائد قیمت وصول کرنے والے سی این جی پمپس کی سپلائی بند کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ای سی سی کے فیصلے تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ ادھر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ عدالت کے فیصلے کے مطابق نئی قیمت پر سی این جی کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔ انھوں نے سی این جی مالکان سے درخواست کی ہے کہ نئی قیمت کے مطابق گیس کی فروخت یقینی بنائیں۔