اسلام آباد (جیوڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کو عدم ادائیگیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی، چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے زلزلہ متاثرین کو ادائیگیاں نہ کرنے پر وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی، چئیرمین این ڈی ایم اے ڈاکٹر ظفر قادر اور چیف سیکریٹری بلوچستان سمیت دیگرفریقین کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردئے ہیں، عدالت نے تمام فریقین سے 14 روزمیں تحریری جواب بھی طلب کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چند ماہ قبل زیارت اور پشین کے زلزلہ متاثرین کو مختص کی گئی رقم کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی تاہم حکام کی جانب سے امداد تقسیم نہیں کی گئی جس کے بعد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی جس میں وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔