زیارت کاکا صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے دربار اقدس میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں
Posted on October 30, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
فیصل آباد : تنظیم مشائخ عظام پاکستان خیبر پختونخواہ کے شہرنوشہرہ میں عیدکے مبارک موقع پرمعروف صوفی بزرگ سیدکس تیرگل المعروف کاکا صاحب کے دربار اقدس میں ہونیوالے دھماکے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کی شدید مذمت کرتی ہے۔امن وسلامتی کے گہواروں پر دہشت گردی ناقابل برداشت ہے ۔حکومت پاکستان سمیت بیرون ممالک بھی ہونیوالی انبیاء کرام ، صحابہ کرام ، ازواج مطہرات اور اولیاء اللہ کی گستاخی اور بے حرمتی کرنیوالے شرپسند عناصر کولگام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
ایسے اندوہناک واقعات پر صرف زبانی کلامی مذمت کرنااور شٹرڈاؤن یا ہڑتال کرناحل نہیں ہے ۔حکومت سمیت دیگر ذمہ دار ادارے ان ملک وملت کے دشمنوں کوسرعام کیفر کردار تک پہنچائیں ۔اللہ والوںکی خانقاہوں اور درباروں کی بے حرمتی یقینا عذاب الہٰی کاسبب بنتاہے ۔یہ توعقیدت ومحبت کے مراکز ہیں جہاںامن وسکون کے حصول کیلئے نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی حاضری دینا اپنی سعادت سمجھتے ہیں۔
ایسے شرپسند اور دہشت گرد عناصر کوکڑی سز ائیں دیکر ہی ملکی سلامتی اور استحکام کے خواب کوشرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ان خیالات کااظہار امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمد صدیقی نے لاثانی سیکرٹریٹ پر تنظیم مشائخ کی مجلس شوریٰ کیساتھ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔