سابق امریکی صدر جمی کارٹرکی ڈرون حملوں پر شدید تنقید
امریکا : (جیو ڈیسک)امریکا کے سابق صدر جمی کارٹرنے جاسوس طیاروں کے حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ خواتین اور بچوں کی ہلاکت کو قابل قبول سمجھ لیا گیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی امریکی پالیسی انسانی حقوق کے چارٹر کی کم از کم دس شقوں سے متصادم ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں لکھیگئے مضمون میں سابق امریکی صدر جمی کارٹرنے امریکا کی خارجہ پالیسی اور ڈرون حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں سے امریکا کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں کسی مرد کی ہلاکت کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے کہ وہ دشمن تھا۔ بے گناہ خواتین اور بچوں کے جانی نقصان کو قابل قبول سمجھ لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی پالیسی انسانی حقوق کے چارٹرکی تیس میں سے کم ازکم دس شقوں کی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے امریکا کے دشمنوں کو مدد مل رہی ہے اور واشنگٹن کے دوست اس سے دورہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکا انسانی حقوق کے چیمپئن سے دستبردار ہو رہا ہے۔