پاکستان ہاکی فیڈریشن نے صدر آصف علی زرداری سے سابق کپتان سہیل عباس کو پرائد آف پرفارمنس دو ہزار تیرہ دینے کی سفارش کر دی۔
ہاکی میں پنالٹی کارنر کی بات ہو تو سہیل عباس کا نام فورا ذہن میں آجاتا ہے اور اب پی ایچ ایف کی خواہش ہے کہ حکومت انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازے۔ سابق کپتان اٹھارہ سال سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہالینڈ کے پال لیٹ جن کے دو سو سڑسٹھ 267 گولز کا ریکارڈ سہیل عباس نے تین سو اڑتالیس بار بال کو جال کی راہ دکھا کر توڑا۔
ایک سال میں سب سے زیادہ اسی گولز بھی صرف سہیل عباس کی ہاکی نے داغے۔ آٹھ مختلف انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں ٹاپ سکورر کا تاج سہیل عباس کے سر سج چکا ہے۔
ایتھنز اولمپکس میں ٹاپ جب کہ سڈنی اولمپکس میں دوسرے نمبر پر بھی رہے۔ ایشین گیمز دو ہزار دس میں گولڈ میڈل ونر ٹیم کا اہم حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے لندن اولمپکس میں قومی ٹیم کی کپتانی کی۔