مشہور ریڈیو براڈکاسٹر۔سارہ نقوی کا خاندان تقسیم کے فورا بعد حیدرآباد سے نقلِ مکانی کر کے پاکستان آ گیا۔آواز کی دنیا سے ان کے تعلق کا آغاز ساٹھ کی دہائی میں ریڈیو پاکستان سے ہوا۔ جس کے بعد وہ وائس آف امریکہ سے وابستہ رہیں اور ان کے اس سفر کا اختتام بی بی سی میں ہوا۔
سارہ نقوی کو سب سے زیادہ شہرت ان کے پروگرام سائنس کلب سے ملی۔سائنس کلب میں انہوں نے خلائی مہمات اور ٹیکنالوجی پر پروگراموں کا سلسلہ بڑی محنت سے پیش کیا، یہ سلسلہ انہیں امریکہ، جاپان اور ہندوستان سمیت کئی ملکوں میں لے گیا جہاں سے انہوں نے بیش بہا مواد اکٹھا کیا۔اسی سلسلے کا ایک نتیجہ ان کی نہایت ہی مفید اور معلوماتی کتاب انسان اور کائنات ہے جو آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کراچی نے انیس سو ننانوے میں شائع کی۔ ان کی دوسری کتاب ابتدائی انگریزی کے بارے میں ایک لغت ہے۔
ان کی بہنوں میں فاطمہ ثریا بجیا، صغرا کاظمی، زہرہ نگاہ، اسما سراج اور زبیدہ سراج اور بھائیوں میں احمد مقصود حمیدی، انور مقصود، عمر مقصود اور عامر مقصود شامل ہیں۔ان میں سے فاطمہ ثریا بجیا معروف دانشور اور ڈرامہ نگار ہیں، زہر نگاہ اردو کی جانی پہچانی شاعرہ ہیں، انور مقصود اردو طنز و مزاح میں ایک قدآور نام ہیں، صغرا کاظمی کو اختراعی ملبوسات سازی کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے جب کہ احمد مقصود پاکستان کی سول سروس سے منسلک رہنے کے باوجود ایک دانشور کے طور پر جانے جاتے ہیں۔25نومبر 2003لندن میں ان کا انتقال ہوا جبکہ کراچی میں ان کو سپرد خاک کیا گیا۔