سال 2013 تبدیلی کے ساتھ ترقی عوامی خوشحالی اور صحت مند معاشرے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منا یا جائے گا۔ اقبال محمد علی خان

کراچی (محمد ارشد) ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے22 اسپرے وہیکل مشین کی مدد سے شاہ فیصل ٹاؤن کی 7 یونین کونسل میں انسداد ڈینگی اور ملیریا مہم کے سلسلے میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز کردیا حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی نمبر2 چورنگی پر اسپرے وہیکل میں جراثیم کش ادویات ڈال کر شاہ فیصل ٹاؤن میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز کیا اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ سال 2013 تبدیلی کے ساتھ ترقی ،عوامی خوشحالی اور صحت مند معاشرے کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ منایا جائے گا۔

حق پرست قیادت علاقائی ترقی بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچا نے اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کے ساتھ صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے کوشاں ہیں اقبال محمد علی خان نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے سال 2013 کو عوامی خوشحالی کا سال بنائیں گے انہوں نے متعلقہ بلدیاتی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ مکھی مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے صفائی و ستھرائی کے عمل کو بہتر بنایا جائے ڈینگی اور ملیریا سے بچائو احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے امراض سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر کے ذریعے عوامی شعور کو بیدار کیا جائے۔

مکھی مچھروں کی روک تھام کے لئے تسلسل کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے عمل کو گلیوں اور محلوں تک انجام دیا جائے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ ندیوں اور نالوں کے ساتھ مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں اور ہسپتالوں میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کے ہر راؤنڈ میں اسپرے انجام دیا جائے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں صاف ستھرے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں ۔