کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صدر اور وزیر اعظم سے فون پر رابطہ کیا اور سانحہ بلدیہ کیس سے قتل کی دفعات نہ نکالنے کی درخواست کی۔ صدر زرداری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سانحہ بلدیہ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پور ے کئے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر بات کی اورسانحہ بلدیہ کیس سے قتل کی دفعات نکالے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے صدر زرداری کو بھی کیس کے قانونی پہلوں سے آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ بلدیہ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پور ے کئے جائیں گے۔
گورنر سندھ عشرت العباد نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔ انھوں نے مقدمے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کیس کو اس طرح ختم نہیں کیا جا سکتا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے آئی جی سندھ پولیس کو بھی ہدایت کی کہ کیس میں پیشرفت تیز کر کے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا کیس واپس لینے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے سانحے کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہیکہ تحقیقات غیر جانبدار اور شفاف ہوں گی، متاثرین کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔