سیاچن : (جیو ڈیسک)سیاچن میں برفانی تودے تلے دبے فوجی جوانوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ان جوانوں کی سلامتی کے لیے نہ صرف عزیز واقارب بلکہ پوری قوم دعاگو ہے۔قرآن خوانی کی جارہی ہے اور دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ سطح زمین سے پندرہ ہزار فٹ بلند سیاچن کے برف پوش پہاڑ جہاں لہو کو جما دینے والی برفیلی ہوائیں چلتی ہیں،دنیا کے سب سے بلند اور اانتہا ئی خطرناک محاذ جنگ پر پاک فوج کے جوان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں اور آج گیاری سیکٹر میں ایک سو پینتیس پاک فوج کے سپوت اسی فٹ موٹی برف کی تہہ کے نیچے دبے ہیں۔
عزیز اقارب اپنے پیاروں کی سلامتی کے لیے پر امید ہیں اور ان کے حوصلے بلند اور جذبے قابل قدر ہیں ۔گھروں میں کلام پاک کا ورد ہورہا ہے اور اللہ رب العالمین سے دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ موسم کی شدت یقینا خوفناک ہے لیکن کائنات کے خالق سے کچھ بعید نہیں کہ شاید کہیں کوئی معجزہ ہوجائے۔
فوج بھی اپنے بہادر شیروں کو نکالنے کے لیے انتہائی دشوار گذار برفیلے پر خطر راستوں پر اپنی جان خطرے میں ڈال کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے جہاں زندگی نسوں میں مرجاتی ہواس برفیلے محاذ جنگ پر پاک دھرتی کے سپوت اور ان کے اہل خانہ مشکل حالات سے دو چار ہیں اس کٹھن اور صبر آزما وقت میں پوری قوم اپنے سپاہیوں کی سلامتی کے لیے دعاگو ہے۔