اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سرائیکی صوبہ پیپلز پار ٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم کا اس مو قع پر کہنا تھا کہ سرائیکی صوبہ اے این پی کے منشور کا بھی حصہ ہے اور الطاف حسین بھی سرائیکی صوبے کی حمایت کرچکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی سرائیکی صوبے کے خدوخال کا جائزہ لے رہی ہے۔
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ وزیراعظم کو شہید کیا جائے، سیاسی شہید ہونے کا بالکل ارادہ نہیں۔
وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد سے حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوئے ہیں اب حکومت عالمی سطح پر زیادہ بہتر طور پر بات کر سکی گی۔ انہوں نے انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے وزیر اعظم نے کہا میاں نواز شریف نے قبل از انتخابات کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا۔