سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تو مہنگائی میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے تاہم پیٹرول ،ڈیزل پیاز،گوشت اور آٹا سمیت چوبیس اشیا کی قیمتوں میں اس ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے سترہ بڑے شہروں سے کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی ترپن اشیاکی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ چھ اکتوبر کو ختم ہونیوالے ہفتے تک ٹماٹر، تازہ دودھ اور انڈے سمیت چوبیس اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اس ہفتے کیلے، زندہ مرغی، آلو اور ایل پی جی سمیت صرف گیارہ اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ جبکہ کوکنگ آئل اور ڈبل روٹی، سمیت اٹھارہ اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔