سری لنکا: (جیو ڈیسک) سری لنکا نے اگست میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان محدود اوورز کی سیریز کی میزبانی سے انکار کردیا ہے۔ سری لنکا نے ملک میں ہونیوالی پریمیئر لیگ کے باعث سیریز کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے اور تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اگست میں کھیلی جائے گی۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انتخاب عالم کو چند روز میں وینیوز کے جائزے اور شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے سری لنکا جانا تھا لیکن سری لنکا نے انہی تاریخوں میں ہونے والی پریمیئر لیگ کے پیش نظر پاک،آسٹریلیا سیریز کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے سری لنکا میں سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔ سری لنکا پریمیئر لیگ کے باعث میزبانی نہیں کرسکتا۔ اب ہمیں سیریز کیلئے متبادل نیوٹرل وینیو تلاش کرنا ہوگا۔