سری لنکا کیخلاف گیارہ نومبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے آل راونڈر شاہد آفریدی یو اے ای روانہ ہوگئے۔ یو اے ای روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے، اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کرینگے۔انھوں نے کہا کہ وہ تنقید کرنے والوں سے خوفزدہ نہیں صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ شاہد آفریدی کو دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران مینجمنٹ سے اختلافات کی باتیں منظر عام پر لانے کی وجہ سے پی سی بی نے نا صرف شوکاز نوٹس جاری کیا بلکہ دورہ آئرلینڈ کیلئے ٹیم کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا تھا جس پر شاہد آفریدی نے احتجاجا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ چیرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے رخصت ہوجانے کے بعد انھوں نیریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا، کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ سے ملاقات کے بعد سلیکشن کمیٹی نے انکا نام منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا اور وہ ایک مرتبہ پھر ایکشن میں دکھائی دینگے۔