سر کی قیمتیں لگانے سے پہلے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ رحمان

malik

malik

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حافظ سعید اور عبدالرحمن مکی کے سرکی قیمت رکھنے کے حوالے سے امریکہ نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اور یہ غلط بیان ہے کہ ہمیں اعتماد میں لیا گیا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کے پاس حافظ سعید سے متعلق کوئی معلومات ہیں یا کوئی مقدمہ ہے توان سے متعلق ہمیں معلومات فراہم کی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ کسی کے کہنے یا کسی کوخوش کرنے کیلئے کسی بھی شخص کوملزم یا مجرم قراردیا جاسکتا ۔رحمان ملک نے کہا کہ حافظ سعید کے متعلق امریکہ سے معلومات مانگی ہیں جو ابھی تک نہیں ملیں۔گلگت بلتستان کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہاں حالات کی خرابی میں تیسری قوت ملوث ہے۔ یہ وہی قوت ہے جوکراچی یا کوئٹہ میں بدامنی کا باعث ہے۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے میں سیکورٹی کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں جلد گلگت میں تمام مکاتب فکر کے علما کی کانفرنس بلائی جائے گی۔ کیونکہ تمام مکاتب فکر کے لوگ اس پرمتفق ہیں کہ یہاں بھائی کوبھائی سے لڑانے کی سازش کی جارہی ہے۔ رحمان ملک نے کہاکہ چلاس واقعے میں ہلاک ہونیوالے افراد کے لواحقین کوامدادی رقوم فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پرعلما نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما متحد ہیں تمام سازشی عناصر کے عزائم کوخاک میں ملا دیا جائے گا۔ علما نے گلگت بلتستان میں پیش آنیوالے واقعے پر عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔