سعودی عرب نے مصری شہریوں کے ویزوں کا اجرا روک دیا

saudi arabia

saudi arabia

ریاض : (جیو ڈیسک) سعودی عرب نے عارضی طور پر مصری شہریوں کے لیے سعودی عرب کے ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔ قاہرہ میں تعینات سعودی عرب کے سفیر احمد قطان نے کہا ہے کہ قاہرہ میں بند ہونے والے سفارت خانے اور قونصلیٹ کو دوبارہ کھولنے تک مصری شہریوں کے لیے سعودی عرب کے ویزوں کا اجرا مکمل طور پر روک دیا ہے۔مصر میں دو روز قبل مشتعل افراد کی جانب سے سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملے کی کوشش کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

سعودی عرب کے قاہرہ میں تعینات سفیر احمد قطان نے کہا ہے کہ انہوں نے مصری شہریوں کے لیے سعودی عرب کے ویزوں کا اجرا مکمل طور پر روک دیا ہے۔سعودی اخبارکی رپورٹ کے مطابق احمد قطان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تنازع کے حل کے لیے اعلی سطح پر مفاہمتی کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ دونوں ملکوں کی اہم شخصیات قاہرہ میں بند ہونے والے سفارت خانے اور قونصلیٹ کو دوبارہ کھولنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ جس کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تنازع جلد دور ہو جائے گا۔