لینڈل سمنز اور مارلن سیمیولز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو ڈھاکہ میں دوسرے ون ڈے میں آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا اور تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ پہلے میچ میں چالیس رنز کی شکست کے بعد دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیتنگ کی لیکن کیمر روچ اور روی رام پال کی تباہ کن بولنگ کے سامنے انکی ابتدائی چار وکٹیں صرف اٹھارہ رنز پر گر گئی تھیں۔ روچ نے تین اور رام پال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان مشفق الرحمن نے انہتر اور ناصر حسین نے پچاس رنز بنا کر بنگلہ دیش کا اسکور دو سو بیس رنز تک پہنچایا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کے سمنز اور سیمیولز نے دوسری وکٹ پر ایک سو گیارہ رنز کا اضافہ کرکے ویسٹ انڈیز کا ھدف آسان کر دیا۔ سمنز نے پہلے میچ کی سنچری کے بعد اس بار اسی رنز بنائے۔ سیمیولز اٹھاسی رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو چٹاگانگ میں ھو گا۔