سندھ کے مختلف اضلاع میں مسلم لیگ نواز کے دفاتر پر رات گئے ہوائی فائرنگ کی گئی اور انہیں نذر آتش کردیاگیا۔ ان میں کشمور، جیکب آباد، حیدرآباد،نوابشاہ اور خیرپور کے دفاتر شامل ہیں۔ مسلم لیگ نواز سندھ کے دفاتر کو آگ لگانے کے واقعات کا سلسلہ رات بارہ بجے سے شروع ہوا جب کشمور کے علاقے کندھ کوٹ میں نامعلوم افراد نے مسلم لیگ نواز کے دفتر کے سامنے ہوائی فائرنگ کی اور اسے آگ لگادی۔ اس کے بعد جیکب آباد میں بھی قائم مسلم لیگ نواز کے دفتر کو آگ لگادی جس سے دفتر کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ حیدرآباد میں ضلع کونسل کی عمارت میں واقع مسلم لیگ نوازکے دفتر کے باہر بھی ہوائی فائرنگ کی اور اسے آگ لگادی گئی ۔ نوابشاہ میں بھی مسلم لیگ ن ہاس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور نواز لیگ کے پوسٹرز کو بھی آگ لگادی۔ خیرپور ضلعے کے مختلف علاقوں میں مسلم لیگ نواز کے سائن بورڈ توڑ دیئے گئے اور نوازشریف کی تصاویر نذر آتش کردی گئیں۔ سکھر میں مسلم لیگ نواز کے دفتر پر فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ مسلم لیگ نواز کے صدر سرور لطیف کے بھائی کے گھر پر پیٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس سے گھر کے مرکزی دروازے کو آگ لگ گئی تاہم فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ ٹنڈوالہ یار مسلم لیگ نواز کے ضلعی سیکریٹری اور سندھ کونسل کے ممبر سید غفورشاہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی گئی۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما غوث علی شاہ و دیگر نے ن لیگ کے دفاتر کو آگ لگانے کے واقعات، فائرنگ اور حملوں کی مذمت کی ہے۔