سندھ : (جیو ڈیسک) سندھ اسمبلی نے سال دو ہزار بارہ تیرہ کیلئے پانچ کھرب بیالیس ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، ایوان نے رواں مالی سال دو ہزار گیارہ بارہ کے ضمنی بجٹ کی بھی منظوری دی۔ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دو ہزار بارہ تیرہ کا بجٹ متفقہ طور پرمنظور کر لیا۔
آئندہ مالی سال کیلئے پانچ کھرب بیالیس ارب سینتالیس کروڑ اٹھہتر لاکھ روپے سے زائد کے انسٹھ مطالبات زر کی منظوری دی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے ضمنی بجٹ کیلئے ایک کھرب پچاس ارب تینتیس کروڑ انسٹھ لاکھ روپے سے زائد کے چھپن مطالبات زر کی بھی منظوری دی گئی۔
سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ کسی رکن نے کٹوتی کی تحریکیں پیش نہیں کیں،اراکین سندھ اسمبلی نے بجٹ کی منظوری پر ڈیسک بجائے، جبکہ بجٹ کی منظوری پرایوان میں جئے بھٹو اور زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے نعرے بھی لگائے گئے۔