سندھ : بارش نے نظام زندگی الٹ دیا، ہزاروں افراد بے گھر

sindh flood

sindh flood

کراچی: سندھ میں بارش کا سلسلہ وقتی طور پر رک گیا ہے۔ تاہم بارش کے باعث زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج ہے۔ متاثرین امدادی کارروائیوں کے منتظر اور بارش کے پانی کے نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کے منتظر ہیں۔ سانگھڑ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے رہائشی کے ساتھ ساتھ کاروباری علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں اور جگہ جگہ پانی جمع ہے۔ گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے۔ متاثرین نے ٹاون میونسپل افسر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ہے۔ میر پور خاص شہر میں بھی بار ش کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کررہ گئے ہیں۔ گرڈ اسٹیشن کے اندر پانی داخل ہو گیاہے۔ بارش کے پانی نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
بدین میں آر بی او ڈی، آر ڈی ستتر کے قریب شگاف پڑ گیا جس سے ستر کے زائد دیہات زیر آب آگئے۔ بدین میں ہی متاثرین نے مورہیر کے نزدیک ایک امدادی ٹرک کو لوٹ لیا۔۔ پولیس کے لاٹھی چارج کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ نواب شاہ میں پیپلزمیڈیکل کالج کے داخلی راستوں پر بارش کا پانی جمع ہے جس سے مریضوں کی آمدورفت اور دشواریوں کو سامنا ہے۔