کراچی: سندھ میں بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد تباہی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے، میر پور خاص، نوابشاہ، بدین، سانگھڑ اور دیگر علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، نوابشاہ کے علاقے بوچھیری میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بارش اور سیلاب کے باعث میرپور خاص اور بدین سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ضلع میرپورخاص کے مختلف علاقوں میں اب بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد اپنے گھردوبارہ جانے سے قاصر ہیں۔ ضلع میرپورخاص کے مختلف دیہات اب تک چھ سے سات فٹ تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور سیکڑوں افراد میرپورخاص کے گاماں اسٹیڈیم میں پناہ گزین ہیں۔ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے یہ افراد خیموں اور غذائی امداد کے منتظر ہیں، سانگھڑ شہر اور گردونواح میں بھی بیش تر علاقے تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ سول اسپتال سانگھڑ میں ایمرجنسی وارڈ میں پانی داخل ہوجانے کے باعث وارڈ بند کردیا گیا اور مریضوں کو قریبی شاپنگ سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز شاپنگ سینٹر میں ہی مریضوں کا معائنہ کررہے ہیں۔ نوابشاہ کے علاقے بوچھیری میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ میرپور خاص، بدین، نوابشاہ، سانگھڑ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں جبکہ متاثرین مناسب طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔