سنگت فاؤنڈیشن کے وفد کی ایم پی اے خدیجہ فاروقی سے ملاقات

گجرات : ممبر صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے میدان میں مسلم لیگ ق کی حکومت نے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں ، خصوصاً ضلع گجرات میں ترقیاتی کاموں میں تعلیم کو اولیت دی، خواتین کو ہر شعبہ میں مناسب نمائندگی فراہم کی ، جس کی وجہ سے خواتین نے اپنا مقام حاصل کیا وہ گزشتہ روز حلقہ تعلقاتی گروپ NA105کے نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہی تھیں ، انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے حوالہ سے کام کرنے کی ضرورت ہے ، خصوصاً سرکاری تعلیمی اداروں میں درجہ چہارم کی آسامیاں نہ ہونے کی وجہ سے بے پناہ مسائل سامنے آئے ہیں ، جنہیں حل کرنے کیلئے حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، اس سلسلہ میں پنجاب اسمبلی میں یہ تحریک اٹھائوں گی اور سکولوں میں درجہ چہارم کی آسامیاں پیدا کرنے کیلئے کام کیا جائیگا ، خواتین کو اپنے مسائل پیش کرنے کے سلسلہ میں بے پناہ مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس لیے تھانوں میں خواتین ڈیسک کا قیام بے حد ضروری ہے ، واٹر فلٹریشن پلانٹس پر فلٹر تبدیل نہ ہونے کے بارے میں جو ایشو حلقہ تعلقاتی گروپ نے اٹھایا ہے ، قابل تحسین ہے ، اور ہم اس کی حمایت کرتے ہیں اور بھرپور تعاون کرین گے ، انہوں نے کہا کہ حلقہ تعلقاتی گروپ کو مزید مضبوط ہونا چاہیے ، اس سلسلہ میں ہم بھرپور تعاون کریں گے ، حلقہ تعلقاتی گروپ کے کوارڈی نیٹر عمانوایل نعیم نے فافن سنگت فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور حلقہ تعلقاتی گروپ کے قیام کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا ، اور بتایا کہ حلقہ تعلقاتی گروپ بنانے کا مقصد باخبر اور متحرک شہریوں کا قیام عمل میں لانا ہے ، جو اپنے معاشرتی اجتماعی مسائل کی نشاندہی کر کے رضا کارانہ طور پر ممکنہ اقدامات کرسکیں ، اور آخر میں ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ترجمان حلقہ تعلقاتی گروپ نے مسز خدیجہ فاروقی ایم پی اے کا شکریہ ادا کیا ، وفد میں عمانوایل نعیم کوارڈی نیٹر NA105، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ترجمان ، خاور شہزاد سیکرٹری ، افتخار بھٹہ ، شیخ عرفان پرویز ، ملک سعید اعوان ، احسن مسعود ، چوہدری عامر ، اسامہ افتخار پروگرام آفیسر سنگت فاؤنڈیشن ، شعیب کھوکھر ایڈووکیٹ ، مسرت بتول ، یاسمین امتیاز ، فرح دیبا اور شہباز شامل تھے ۔