اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل جمعہ 3 اکتوبر کو بجلی کے زائد بلوں کے خلاف یومِ احتجاج منائے گی۔ عید کے اجتماعات کے سامنے ’’گو نواز گو کیمپس‘‘لگائے جائیں گے۔ اووربلنگ نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ دھرنوں کی برکت سے بلاول کارکنوں سے معافیاں مانگ رہا ہے۔ فضل الرحمن کا مسئلہ اسلام نہیں اسلام آباد ہے۔ شہباز شریف کی کوئی مائیک توڑ تقریر انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی۔
دھرنوں نے حکومتی جاہ و جلال ختم کر دیا ہے۔ نواز شریف جنرل ضیاء کی ایجاد اور فوج کا لگایا ہوا پودا ہے۔ وزیراعظم کی دورۂ امریکہ کے دوران کسی عالمی لیڈر سے ملاقات نہ ہونا پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اجارہ داری کرچی کرچی ہو چکی ہے۔ روایتی اور پرانی سیاست قریب المرگ ہے۔ قوم کی تقدیر سے کھیلنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ موجودہ نظام میں صرف ارب پتی ہی الیکشن لڑ سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مک مکا سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ ماضی اور حال کی حکومت نے عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل نشتر ٹاؤن کے صدر حاجی رانا شرافت علی قادری کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک تباہی کی طرف گامزن ہے۔ موجودہ حکمران بحرانوں پر قابو پانے کی اہلیت اور قابلیت نہیں رکھتے۔ نظام کی خرابی کا بڑا سبب گولی کی سیاست ہے۔ حکمران قومی خزانے کو باپ کا مال سمجھ کر لوٹ رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کو عوام کی اکثریت ناپسند کرتی ہے اس لیے تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔
حکمران جمہوریت کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم بھوک، ننگ اور افلاس کی دلدل میں دھنستی چلی جا رہی ہے۔ حکمرانوں کے سامنے گو نواز گو کے نعرے بلند ہونا دھرنوں کی برکت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم میں اپنا حق مانگنے کی جرأت پیدا کر دی ہے۔ عوام نے حکومت مخالف جلسوں میں بھرپور شرکت کر کے الوداع نواز شریف کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
شاہراہ دستور پر دھرنا دینے والے ہی حقیقی جمہوریت کے علمبردار ہیں۔ موجودہ پارلیمنٹ صرف دولت مند اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہے۔ دھرنے والوں کو آئندہ نسلیں اپنے محسنوں کے طور پر یاد کریں گی۔ وی آئی پی کلچر کے خلاف آواز اٹھانے والے ارجمند اظہر کو ملازمت سے نکالنا قابل مذمت ہے۔ سیاست کو مفاد پرستی اور خودغرضی سے پاک کرنا ہو گا۔